ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ساحلی علاقے میں موسلادھار بارش۔ آسمانی بجلیوں سے نقصانات

ساحلی علاقے میں موسلادھار بارش۔ آسمانی بجلیوں سے نقصانات

Mon, 15 Oct 2018 13:10:56    S.O. News Service

منگلورو15؍اکتوبر(ایس او نیوز) ساحلی علاقے میں اور خاص کر جنوبی کینرا ضلع میں اتوار کی شام سے رات دیر گئے تک زبردست بارش ہوئی ہے۔ بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ بجلیوں کے کڑکنے کا سلسلہ بھی جاری رہا اور بعض مقامات پر بجلی گرنے سے گھروں کونقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بارش سبرامنیا اور اطراف کے علاقے میں ہوئی ہے۔یہاں چونکہ نوراتری کا جشن بڑے زورو شور سے جاری ہے اس ضمن میں منعقدہ کلچرل پروگرامات پر اس بارش کا بہت ہی برا اثر پڑا۔اس کے علاوہ بیلتھنگڈی، وینور،پتور ، سولیا،موڈبیدری، بنٹوال اور وٹھلا وغیرہ مقامات پر بھاری برسات ہونے کی خبر ہے۔اس کے مقابلے میں اڈپی ضلع کے پڈوبیدری، اڈپی اور منی پال میں ہلکی ہلکی بونداباندی ہوئی ہے۔

بتایاجاتا ہے کہ کڈبا تعلقہ کے کچھ علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک سالہ بچہ سمیت چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ان زخمیوں کو علاج کے لئے کڈبا سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔جبکہ گھروں کی دیواروں میں شگاف پڑنے کے علاوہ بجلیوں سے چلنے والے سازوسامان جل کر خاک ہونے کی بھی رپورٹ ہے۔موڈبیدری علاقے کے ایک گھر میں بجلی گرنے سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ چار لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔

شمالی کینرا کے بھٹکل کی بات کریں تو آدھی رات کو بادلوں کی گڑگڑاہٹ اور بجلیوں کے چمک کے ساتھ کافی بارش ہوئی ہے۔جس کے بعد دیر رات کو جو بجلی منقطع ہوئی ہے وہ صبح تک بھی بحال نہیں ہوپائی تھی۔
 


Share: